نئی دہلی، 30؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کنٹرول لائن کے اس پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ہدف بناکرکئے گئے حملوں میں خصوصی مہم کی ٹیم کے ایک رکن کو معمولی چوٹیں آئیں لیکن یہ دشمن یا دہشت گردانہ کارروائی کی وجہ سے نہیں تھی۔دفاعی ذرائع نے یہ اطلاع دیتے ہوئے پاکستان کے الزامات کو مسترد کر دیا کہ آپریشن میں ہندوستانی جوان ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ پاکستانی ٹی وی چینل اپنے پروپیگنڈے کی مہم کے تحت فرضی ویڈیو کے ذریعے ہندوستانی فوجیوں کے جانی نقصان کی بات کر رہے ہیں۔ذرائع نے کہا کہ مہم کے لئے ٹیم کا ایک رکن معمولی طور پر زخمی ہو گیا لیکن یہ چوٹ دشمن یا دہشت گرد انہ کارروائی کی وجہ سے نہیں ہے۔ہندوستانی فوج کے ذرائع نے کہا کہ ایک اور واقعہ میں 37قومی رائفل کا ایک فوجی غلطی سے مینڈھر سیکٹر میں کنٹرول لائن پر پاکستان کی طرف چلا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس بارے میں ڈی جی ایم او کی طرف سے ہاٹ لائن پر مطلع کر دیا گیا ہے۔ہندوستان نے کل کہا تھا کہ اس نے کنٹرول لائن کے پاس 28اور 29ستمبر کی رات دہشت گردوں کے سات ٹھکانوں پرسرجیکل حملہ کیا جس سے دہشت گردوں کو خاصا نقصان ہوا ہے جو پی او سے دراندازی کرنے کی تیاری میں تھے۔